Play Tahbib Anthem Tahbib Anthem

مجھ کو جو میسر تھا، سنگ لے گیا ہے تُو

(انجیل صحیفہ)

مجھ کو جو میسر تھا، سنگ لے گیا ہے تُو
یعنی میرے جیون سے، رنگ لے گیا ہے تُو

کیسے گنگنائے گی، گیت کیسے گائے گی
چہچہاتی چڑیا کا چنگ لے گیا ہے تُو

ہاتھ رکھ کے سینے پر، چیخنے لگا ہے جسم
جو بہت ضروی تھا ،انگ لے گیا ہے تُو

کس کے نام کی مہندی؟ کیسی کانچ کی چوڑی؟
میرے سج سنورنے کا، ڈھنگ لے گیا ہے تُو

روز تجھ سے لڑتی تھی، روز جیت جاتی تھی
خود سے جیتنے والی، جنگ لے گیا ہے تُو

برف رنگ سے ڈھک کر، منظروں کی عریانی
اس غریب وادی کا ننگ لے گیا ہے تُو

آئنے میں دیکھا تو، صرف مَیں نظر آئی
مجھ کو لگ گیا تھا جو، زنگ لے گیا ہے تُو

رنگ رنگ موسم سب ،جس کو دیکھ کھلتے تھے
اس کی شوخ آنکھوں سے ،شنگ لے گیا ہے تُو

حبس، خوف، خدشے، ڈر،گرد اور دھواں انجیل
جن سے سانس ہوتی تھی تنگ ، لے گیا ہے تُو

Scroll to Top
Call Now Button