Play Tahbib Anthem Tahbib Anthem

آپ تو چلتے بنیں گے دے کے جینے کی دعا

(شہلا کلیمم)

آپ تو چلتے بنیں گے دے کے جینے کی دعا
زندگی جو حشر کر دے گی ہمارا اس کا کیا

روگ میرے دل کا تیرے دل کو بھی لگ جائے گا
چھوت کی بیماری ہے یہ مت مرے نزدیک آ

چھو کے گزرا تھا اِسے پتھر صفت انساں کوئی
اور پھر دل ٹوٹ کر بکھرا بہ شکلِ آئینہ

چھیڑتے ہیں وصل کے لمحات میں ذکرِ فراق
لطف دیتا ہے اُنہیں ہم کو تڑپتے دیکھنا

گلستانِ خواب ہو یا زندگی کا کینوس
رنگ میری آنکھ کے بکھرے ہوئے ہیں جا بجا

ہے ہمارے جیسا کوئی اس ہجومِ عام میں
گر کبھی خلوت میسر ہو تو دل سے پوچھنا

کہہ رہا تھا آپ کی آواز میں وہ سوز ہے
دور جیسے پربتوں پر گیت گاتی ساحرہ

Scroll to Top
Call Now Button